اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کا یونین کے صدر اور روزنامہ رئیس الاخبار کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر فیاض تنولی کو NCCIA نوٹس پر اظہارِ تشویش، شفاف تحقیقات کا مطالبہ
اسلام آباد: اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (IUJ) کے رہنماؤں نے یونین کے صدر اور روزنامہ رئیس الاخبار کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر فیاض تنولی کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے نوٹس جاری کیے جانے پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔
یونین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 19 ہر شہری کو آزادیِ اظہارِ رائے اور آزادیِ صحافت کی ضمانت فراہم کرتا ہے، اس لیے سائبر کرائم قوانین کو صحافیوں پر دباؤ ڈالنے یا آزادیٔ صحافت کو محدود کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ: اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر اور روزنامہ رئیس الاخبار کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر فیاض تنولی کے خلاف جاری انکوائری کو مکمل طور پر شفاف، غیر جانبدار اور قانون کے مطابق آگے بڑھایا جائے تاکہ کسی قسم کے شکوک و شبہات جنم نہ لیں۔
اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے واضح کیا کہ اگر صحافیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی نہ بنایا گیا اور تحقیقات میں شفافیت برقرار نہ رکھی گئی تو صحافتی برادری اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کے دفاع کے لیے ملک گیر پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔
یونین کے مطابق آزاد صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے اور صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران آئینی تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ قانون کی عملداری کو برقرار رکھتے ہوئے آزادیٔ صحافت کے آئینی اصولوں کا بھی مکمل احترام کریں۔